پشاور( اباسین خبر) وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کی رہنمائی اور انتھک جدوجہد کی بدولت پاکستان قائم ہوا۔اپنے پیغام میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح برصغیر کے مسلمانوں کے عظیم رہنما تھے جنہوں نے مسلمانوں کی جداگانہ ریاست کے خواب کو حقیقت بنایا۔ ان کی دانشمندانہ قیادت نے پاکستان کو مملکت خداداد کی شکل دی۔وزیراعلی نے مزید کہا کہ بھارت کے مسلم مخالف رویوں نے یہ ثابت کیا کہ مسلمانوں کے لیے علیحدہ ریاست کا فیصلہ بالکل درست تھا، اور آج جو آزاد فضا میں ہم سانس لے رہے ہیں، یہ قائداعظم کی قیادت اور سیاسی بصیرت کا نتیجہ ہے۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان کا قیام برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کا خواب تھا، جس کی تکمیل پر ہم اپنی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔علاوہ ازیں، وزیراعلی نے مسیحی برادری کو کرسمس کی خوشیوں کی مبارکباد دی اور کہا کہ کرسمس محبت، اخوت، ایثار، امن اور رواداری کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اقلیتوں کو مساوی حقوق دینے کا درس دیتا ہے، اور پاکستان کا آئین اقلیتوں کو اپنے عبادات اور تہوار منانے کی آزادی فراہم کرتا ہے۔علی امین گنڈاپور نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کے منشور میں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور فلاح و بہبود اہم حصہ ہے، اور مسیحی برادری نے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، جسے پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
علی امین گنڈاپور کی قائداعظم کے یوم پیدائش پر قوم کو مبارکباد
4