پشاور( اباسین خبر)تحریک انصاف کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوں گے۔پشاور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ کچھ افراد نے ان کے بارے میں غلط باتیں کیں اور یہ الزام لگایا کہ وہ حکومت کے ساتھ مذاکرات نہیں چاہتے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ وہ گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ میں تھے، اس لیے مذاکرات میں شرکت نہیں کر سکے۔عمر ایوب نے کہا کہ حکومت نے فارم 47 کے تحت ہمارے خلاف مقدمات بنائے ہیں، اور وہ ان میں پیش ہو رہے ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے گزارش کی کہ خبریں نشر کرنے سے پہلے بہتر تحقیق کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ امید رکھتے ہیں کہ مذاکرات کامیاب ہوں گے۔اس کے علاوہ، پشاور ہائیکورٹ میں عمر ایوب کی راہداری ضمانت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ عمر ایوب کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ اپوزیشن لیڈر ہونے کی وجہ سے ان کے خلاف متعدد مقدمات درج ہیں اور ہر جگہ پہنچنا مشکل ہوتا ہے۔ عمر ایوب نے درخواست کی کہ انہیں ایک ماہ کا وقت دیا جائے۔عدالت نے عمر ایوب کی ایک ماہ کی راہداری ضمانت منظور کرتے ہوئے متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔
امید ہے حکومت کیساتھ مذاکرات کامیاب ہوں گے: عمر ایوب
4