پشاور( اباسین خبر)پشاور ہائیکورٹ نے رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار کی 21 جنوری تک راہداری ضمانت منظور کرلی ہے۔ اس فیصلے کی سماعت چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اشتیاق ابراہیم نے کی۔ عدالت نے شاندانہ گلزار کو 21 جنوری تک راہداری ضمانت دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ متعلقہ عدالت میں پیش ہوں۔شاندانہ گلزار کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ان کی موکلہ کے خلاف اسلام آباد میں مقدمہ درج کیا گیا ہے اور وہ عدالت میں پیش ہونا چاہتی ہیں، تاہم گرفتاری کے خدشات ہیں۔ اس لیے درخواست کی گئی تھی کہ انہیں راہداری ضمانت دی جائے تاکہ وہ قانون کے سامنے پیش ہو سکیں۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاندانہ گلزار نے کہا کہ ایف آئی اے نے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی جس پر وہ آج عدالت میں پیش ہوئیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انہیں 3 ہفتوں کے لیے رہداری ضمانت مل گئی ہے۔شاندانہ گلزار نے کہا کہ ان کے خلاف اتنی ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں جتنی کسی چور یا ڈاکو پر نہیں کی جاتیں۔ انہوں نے محسن نقوی کو مشورہ دیا کہ وہ اپنا دھیان پی ٹی آئی سے ہٹا کر کرم پر دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی ایم این اے کے خلاف ایف آئی آر کاٹی جاتی ہے تو اسپیکر کو آگاہ کیا جاتا ہے، مگر ان کے ساتھ ایسا نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جو بھی آواز اٹھائے گا اسے کسی نہ کسی جرم میں ملوث کر دیا جاتا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار کی 21 جنوری تک راہداری ضمانت منظور
6