کراچی( شو بز ڈیسک)برصغیر کی سروں کی ملکہ، نامور گلوکارہ ملکہ ترنم نور جہاں کو مداحوں سے بچھڑے 24 برس گزر چکے ہیں، لیکن ان کی سریلی آواز آج بھی لوگوں کے دلوں میں گونجتی ہے۔ملکہ ترنم کے نام سے پہچانی جانے والی میڈم نور جہاں 21 ستمبر 1926 کو قصور کے ایک موسیقار گھرانے میں پیدا ہوئیں اور اپنے فلمی کیریئر کا آغاز نو سال کی عمر میں کیا۔ بہت جلد ہی وہ ایک معروف چائلڈ سٹار بن گئیں۔نور جہاں نے اپنے فلمی کیریئر میں ہزاروں گیت گائے، جن میں 1965 کی پاک بھارت جنگ کے دوران گائے گئے قومی نغمے بھی شامل ہیں، جو ہماری قومی تاریخ کا اہم حصہ ہیں۔ان کی گائی ہوئی غزلیں اور گیت ہمیشہ اہل ذوق کی پذیرائی حاصل کرتے رہے۔ حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور نشان امتیاز سے نوازا۔ملکہ ترنم نور جہاں 23 دسمبر 2000 کو بیماری کے باعث انتقال کر گئیں، لیکن ان کے گیت آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔
سروں کی ملکہ نورجہاں کو مداحوں سے بچھڑے 24 سال بیت گئے
2