اسلام آباد( اباسین خبر)اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن ٹریبونل کو این اے 46 سے متعلق کارروائی سے روک دیا۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی کے امیدوار عامر مغل کی درخواست پر سماعت کی، جس میں وکیل فیصل فرید چودھری عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت عالیہ نے پی ٹی آئی کے امیدوار کی درخواست پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے الیکشن ٹریبونل کو عامر مغل کی الیکشن پٹیشن کی حد تک کارروائی سے روک دیا۔ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا گیا، اور آئندہ سماعت رجسٹرار آفس مقرر کرے گا۔واضح رہے کہ این اے 46 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار انجم عقیل خان ایم این اے منتخب ہوئے ہیں، جبکہ پی ٹی آئی کے امیدوار عامر مغل نے نئے الیکشن ٹریبونل کی تعیناتی کو چیلنج کیا ہے۔ عدالتی حکم کے بعد الیکشن ٹریبونل اسلام آباد کے تینوں حلقوں سے متعلق کارروائی مزید آگے نہیں بڑھا سکے گا۔اس کے علاوہ، جسٹس (ر) عبدالشکور پراچہ اسلام آباد کے تینوں حلقوں میں مبینہ دھاندلی کے خلاف اپیلوں کی سماعت کر رہے ہیں۔ الیکشن ٹریبونل نے اسلام آباد کے تینوں حلقوں سے متعلق کیس کی سماعت 24 دسمبر کو مقرر کر رکھی ہے۔یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے گزشتہ دنوں حلقوں این اے 47 اور این اے 48 سے متعلق بھی الیکشن ٹریبونل کو کارروائی سے روکنے کا حکم دیا تھا۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا فیصلہ مؤخر
4