پشاور( اباسین خبر)سیکیورٹی فورسز نے ضلع ٹانک میں کامیاب آپریشن کے دوران فتنتہ الخوارج کے اہم دہشت گرد علی رحمان عرف مولانا طہ سواتی سمیت سات خوارج کو ہلاک کر دیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 17 اور 18 دسمبر کی درمیانی شب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس کے دوران علی رحمان سمیت سات خوارج جہنم واصل ہوئے۔علی رحمان مولانا طہ سواتی، جو کہ فتنتہ الخوارج کے سرغنہ مفتی فضل اللہ کا قریبی ساتھی تھا، 2010 میں ٹی ٹی پی میں شامل ہوا تھا۔ وہ شوری کا اہم رکن اور قاری امجد عرف مفتی مزاحم کا ساتھی بھی تھا۔آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد نے خاتون کا لباس پہن کر بچوں کو یرغمال بنایا، تاہم فورسز نے بچوں کو بحفاظت بازیاب کرایا اور دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔ علاقے کے لوگوں نے بچوں کی بازیابی پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے اسلحہ اور بارود سے بھری گاڑی بھی برآمد ہوئی، جسے کسی بڑی دہشت گردی کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان اور فتنتہ الخوارج کا گٹھ جوڑ عالمی اور خطے کے امن کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔
سیکیورٹی فورسز کی ٹانک میں کارروائی، انتہائی مطلوب دہشت گرد سمیت 7 خوارج ہلاک
7