کوئٹہ ( اباسین خبر)پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اور رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کنٹرول ہو چکی ہے، لیکن عوام تک اس کے ثمرات نہیں پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ صوبائی حکومتیں مہنگائی سے عوام کو ریلیف دینے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کوئٹہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔جمال شاہ کاکڑ نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت نے اپنے حصے کا کام کیا ہے، اور اب ذمہ داری صوبائی حکومتوں پر عائد ہوتی ہے تاکہ عوام کو مہنگائی سے چھٹکارا ملے۔ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ وزیر اعظم نے جب سے وزارت عظمی کا عہدہ سنبھالا ہے، تب سے ملک میں مہنگائی کے خاتمے کے لئے بھرپور کوششیں کی ہیں، جو اب کامیاب ہو چکی ہیں۔ اس وقت ملک میں پالیسی ریٹ 13 فیصد اور مہنگائی 4 فیصد پر آگئی ہے۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ مہنگائی میں کمی اور معیشت کی بحالی کے بعد صوبائی حکومتوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مہنگائی میں کمی کے بعد عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرائس کنٹرول صوبائی حکومتوں اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے تاکہ وفاقی حکومت کے اقدامات رائیگاں نہ جائیں۔انہوں نے کہا کہ عوام نے مشکل دن گزارے ہیں اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کے لئے آسانیاں پیدا کی ہیں، مگر ذخیرہ اندوزوں اور لالچ کی وجہ سے عوام ابھی تک ریلیف سے محروم ہیں۔ اس لئے صوبائی حکومتوں کو آگے آنا ہوگا تاکہ لوگ مشکلات سے نکل سکیں۔
ملک میں مہنگائی کنٹرول ہو گئی، لیکن عوام تک ثمرات نہیں پہنچے، جمال شاہ کاکڑ
2