پشاور( اباسین خبر)حکومت خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ جعلی وفاقی حکومت کرم کے حالات کا تماشہ دیکھ رہی ہے اور فرقہ واریت و صوبائیت کو ہوا دینے میں دلچسپی رکھتی ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کرم پاکستان کا حصہ ہے، نہ کہ ایران یا افغانستان کا، اور وفاقی حکومت کو وہاں کی سنگین صورتحال پر کوئی توجہ نہیں۔ انہوں نے وزیر داخلہ سے کہا کہ وہ صرف اسلام آباد کے وزیر داخلہ نہیں ہیں، بلکہ ملک کے تمام اندرونی معاملات کے ذمہ دار ہیں۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ محسن نقوی کو صرف پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کا کام سونپ دیا گیا ہے، جبکہ کرم کے حالات پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے وزیر دفاع خواجہ آصف کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انہیں بدتمیزانہ بیانات دینے کے بجائے اپنی ذمہ داریوں پر توجہ دینی چاہیے۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ اگر اصلی وزیراعظم ہوتا تو کرم کے لیے ایئر ایمبولینس کا انتظام کر چکا ہوتا۔ انہوں نے وزیراعلی علی امین گنڈاپور کی تعریف کی جو اپنے ہیلی کاپٹر کو کرم کے لیے ایئر ایمبولینس کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، جبکہ مریم نواز کے دعوے حقیقت میں تبدیل نہیں ہوئے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ فارم 45 کے وزرائے اعلی عملی کام پر یقین رکھتے ہیں، جبکہ فارم 47 کے جعلی وزرائے اعلی صرف جھوٹے دعوے کرتے ہیں۔
جعلی وفاقی حکومت کی دلچسپی فرقہ واریت، صوبائیت کو ہوا دینے میں ہے، بیرسٹر سیف
5