پشاور( اباسین خبر)خیبر پختونخوا کے تھانہ باڑہ کی حدود میں پولیس ناکے پر منشیات سمگلروں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار ندیم خان شہید ہوگیا۔پولیس کے مطابق شلوبر میں پولیس ناکے پر فائرنگ کے نتیجے میں اہلکار ندیم خان شدید زخمی ہوگیا، جسے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔شہید کی نماز جنازہ پولیس لائنز شاکس میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جہاں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔ نماز جنازہ میں ڈی پی او رائے مظہر اقبال، ڈی سی خیبر، ایس پی انویسٹی گیشن خیبر سمیت دیگر افسران اور شہید کے لواحقین نے شرکت کی۔شرکا نے شہید کے جسد خاکی پر پھول چڑھائے اور ان کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔ ڈی پی او نے شہید کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ شہید خیبر پولیس کا بہادر جوان تھا، جس نے ہمیشہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
باڑہ: منشیات اسمگلروں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید
5