کراچی( اباسین خبر)سندھ حکومت نے صوبے میں قائم تمام دارالامان کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت محکمہ ترقی نسواں کا اہم اجلاس ہوا، جس میں ورکنگ ویمن کی سہولت کے لئے 115 ڈے کیئر سینٹر بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں صوبائی وزیر برائے ترقی نسواں شاہینہ شیر علی اور محکمہ کے افسران شریک ہوئے، جہاں محکمہ ترقی نسواں کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی آگاہی دی گئی۔صوبائی وزیر شاہینہ شیر علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو تحفظ کے ساتھ روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے بھی کام کیا جا رہا ہے، اور محکمہ ترقی نسواں کے 954 ملین روپے کے 8 منصوبے زیر تعمیر ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہنر مند خواتین کی مدد کے لئے محکمہ کو فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے اجلاس میں یقین دہانی کرائی کہ دارالامان میں بچوں کے لیے پلے ایریا اور ٹیوٹر فراہم کیے جائیں گے، اور ورکنگ ویمن کے لئے 115 ڈے کیئر سینٹر بنائے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں سرکاری اداروں اور جامعات میں ڈے کیئر سینٹر بنائے جائیں گے، اور محکمہ ترقی نسواں کے ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
سندھ میں دارالامان اپ گریڈ ، 115 ڈے کیئر سینٹر بنانے کا فیصلہ
7