پشاور( اباسین خبر)الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس وقار احمد نے اعتراضات عائد ہونے کے بعد الیکشن درخواستیں سننے سے معذرت کرلی۔جسٹس وقار احمد نے گزشتہ سماعت میں تین صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا جس میں انہوں نے اعتراضات کو قبول کرتے ہوئے کیسز سننے سے انکار کر دیا۔ حکم نامے میں کہا گیا کہ وہ الیکشن ٹریبونل سے خود کو الگ کرتے ہیں، کیونکہ اعتراض کنندہ نے ان پر یہ اعتراض کیا ہے کہ وہ ماضی میں پی ٹی آئی لائرز فورم کے ممبر رہے اور پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل تھے۔جج نے تحریری حکم میں یہ بھی لکھا کہ جب کوئی جج حلف اٹھاتا ہے تو اس کی کسی سیاسی پارٹی سے وابستگی ختم ہوجاتی ہے، اور بطور جج وہ کسی بھی مقدمے کا فیصلہ بے خوف و خطر، اور کسی وابستگی کے بغیر کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اعتراضات کے بعد الیکشن کمیشن درخواستوں کو کسی دوسرے ٹریبونل میں منتقل کرے۔ پی ٹی آئی کے ایم پی اے ارباب وسیم نے جسٹس وقار احمد پر اعتراض کیا تھا۔ اس فیصلے کی کاپی الیکشن کمیشن کو بھی ارسال کی جائے گی۔حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا کہ الیکشن ٹریبونل کے سامنے موجود پانچ اپیلیں کسی دوسرے معزز ٹریبونل کو بھیج دی جائیں گی۔ زیر سماعت کیسز میں سابق صوبائی وزیر تیمور جھگڑا، عمران خان سونامی، عباس آفریدی، امجد آفریدی، علی زمان اور حامد الحق کے کیسز شامل ہیں۔
اعتراض قبول: الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس وقار نے الیکشن درخواستیں سننے سے معذرت کرلی
13