کو ئٹہ ( اباسین خبر)بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی ترجمان انور بلوچ نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر پارٹی کا بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ بی این پی عوامی نے ہمیشہ بلوچستان اور ملک بھر میں لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھی ہے۔ پارٹی اس بات پر زور دیتی ہے کہ بلوچستان میں لاپتہ افراد اور انسانی حقوق کی پامالی کا مسئلہ بہت سنگین ہے اور اس کے حل کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔انور بلوچ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ طاقت کے بے جا استعمال کی بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے تاکہ عوام میں پائی جانے والی بے چینی کو کم کیا جا سکے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ماورائے آئین اور ماورائے عدالت اقدامات کی رو سے انسانی حقوق، آئین پاکستان، اور اقوام متحدہ کے قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔بی این پی عوامی نے ہمیشہ پارلیمنٹ میں اور باہر اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھائی ہے اور اس مسئلے کے حل کے لیے مستقل سیاسی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ پارٹی کا موقف ہے کہ بلوچستان کے مسائل کا حل صرف جمہوری طریقے سے اور مذاکرات کے ذریعے ممکن ہے، نہ کہ طاقت کے استعمال سے۔
انسانی حقوق کی پامالی بند کریں لاپتہ افراد کو منظر عام پر لایا جائے ، بی این پی عوامی
9