لاہور( اباسین خبر)موٹر وے پولیس ایم 3 نے ایمان داری کی ایک اور مثال قائم کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی سے برآمد ہونے والے ایک کروڑ روپے نقد اور دیگر قیمتی اشیا جاں بحق افراد کے لواحقین کے حوالے کردیے۔ترجمان کے مطابق لاہور سے ملتان جانے والی کار ٹائر پھٹنے کے باعث حادثے کا شکار ہوئی تھی۔ حادثے کی اطلاع پر موٹر وے پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ حادثے کے دوران کار کی تلاشی لینے پر ایک کروڑ روپے نقد اور موبائل فونز برآمد ہوئے۔بدقسمتی سے حادثے میں زخمی ہونے والے دو افراد اسپتال میں دم توڑ گئے۔ موٹر وے پولیس کے سیکٹر کمانڈر شہباز عالم کی ہدایات پر جاں بحق افراد کے لواحقین سے رابطہ کیا گیا۔ ڈی ایس پی حمید اللہ نیازی نے اپنی نگرانی میں ایک کروڑ روپے اور دیگر قیمتی اشیا لواحقین کے حوالے کیں۔ اس کارروائی کی نگرانی ڈی آئی جی سید فرید علی نے کی۔ایڈیشنل آئی جی علی احمد صابر کیانی نے اس موقع پر پٹرولنگ افسران کی ایمانداری اور پیشہ ورانہ رویے کی تعریف کی۔
موٹر وے حادثہ؛ جاں بحق افراد کی گاڑی سے ملے ایک کروڑ روپے لواحقین کے حوالے
11