کراچی( اباسین خبر)انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ 12 مئی کے مقدمات میں سابق میئر کراچی اور ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر کو امریکا جانے کی اجازت دے دی۔عدالت میں وسیم اختر کی امریکا جانے کی درخواست پر سماعت ہوئی، جہاں وکیل صفائی نے مقف پیش کیا کہ وسیم اختر کی بیٹی نے امریکا میں گریجویشن مکمل کی ہے، اور وہ گریجویشن کی تقریب میں شرکت کے لیے امریکا جانا چاہتے ہیں۔عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے وسیم اختر کو امریکا جانے کی اجازت دے دی۔ تاہم، دوران سماعت تفتیشی حکام کی جانب سے گواہان پیش نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور گواہوں کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔عدالت نے تفتیشی حکام کو آئندہ سماعت پر گواہوں کو پیش کرنے کا حکم دیا اور سماعت 4 جنوری تک ملتوی کردی۔یاد رہے کہ 12 مئی 2007 کو کراچی میں دہشت گردی، ہنگامہ آرائی، اور قتل و غارت کے واقعات پیش آئے تھے۔ ان مقدمات میں وسیم اختر سمیت 22 ملزمان ضمانت پر رہا ہیں، اور مقدمات تھانہ ایئر پورٹ میں درج کیے گئے تھے۔
12 مئی مقدمات؛ سابق میئر کراچی وسیم اختر کو امریکا جانے کی اجازت
12