اسلام آباد( اباسین خبر)سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ مذاکرات کی گائیڈ لائنز بانی پی ٹی آئی ہی دیں گے اور مائنس عمران خان مذاکرات قبول نہیں ہوں گے۔پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ حکومت سے مذاکرات کی بات چیت ابھی تک شروع نہیں ہوئی۔ پارٹی میٹنگز میں اس حوالے سے مشاورت جاری ہے اور پیشرفت شام تک معلوم ہو جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات ہماری طرف سے زبردستی نہیں، خواہش ہو تو بات کریں، ورنہ ان کی مرضی ہے۔پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل نے بتایا کہ مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، اور جو پیشرفت ہوگی، میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ 8 فروری کا الیکشن چوری ہوا اور بے گناہ افراد جیل میں ہیں۔سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے مطابق مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے گئے بلکہ دو شرائط رکھی گئی ہیں:24 سے 26 نومبر کے احتجاج کے دوران ہونے والے واقعات پر کمیشن کا قیام۔بے وجہ قید کارکنوں کی رہائی۔انہوں نے کہا کہ اگر یہ شرائط مانی گئیں تو مذاکرات کے لیے تیار ہیں، اور پارلیمانی کمیٹی بھی بات کرنا چاہے تو اعتراض نہیں۔
مائنس عمران مذاکرات نہیں ہونگے: صاحبزادہ حامد رضا
7