کراچی ( شو بز ڈیسک)پاکستانی اداکارہ اور میزبان مشی خان نے ڈرامہ رائٹر ناصر ادیب کے ایک بیان پر شدید ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔ ناصر ادیب نے سابق فلمی اداکارہ ریما خان کے ماضی پر تبصرہ کیا تھا، جس پر مشی خان نے انسٹاگرام ویڈیو کے ذریعے سخت تنقید کی۔ مشی خان نے کہا کہ بعض لوگ سوچ سے عاری ہو چکے ہیں اور ہمارے معاشرے میں لوگوں کو دوسروں کے ماضی پر بات کرنے کا بہت شوق ہے، خاص طور پر اداکاراں کے حوالے سے۔انہوں نے مزید کہا کہ نئے پوڈکاسٹ ٹرینڈز میں لوگ یہ نہیں سمجھتے کہ وہ کیا بول رہے ہیں اور کتنا بولنا ضروری ہے۔ مشی خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ناصر ادیب جیسے تجربہ کار شخص سے اس قسم کے بیان کی توقع نہیں رکھتی تھیں۔مشی خان نے ریما خان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی بہت اچھی دوست ہیں اور ہمیشہ محبت و عزت سے پیش آتی ہیں۔ انہوں نے ناصر ادیب سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے بیان پر معذرت کریں، چاہے وہ باتیں درست ہوں یا غلط۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ 25 سالوں میں انسان کی زندگی بدل جاتی ہے اور ریما خان نے اپنی زندگی کو مکمل طور پر بدل لیا ہے، اس لیے ان کے خاندان اور متعلقہ افراد کو ایسے بیانات سے تکلیف پہنچتی ہے۔مشی خان کے اس موقف کو مداحوں نے سراہا اور ریما خان کی حمایت میں آواز اٹھانے پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
ریما خان سے متعلق تبصرے پر مشی خان ناصر ادیب پر برس پڑیں
12
پچھلی پوسٹ