اسلام آباد( مانیٹر نگ ڈیسک) پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے خلائی ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے ریزالو آر اینڈ ڈی لیب کا افتتاح کر دیا۔20 نومبر 2024 کو یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ سپارکو کے مطابق، یہ اقدام پاکستان میں خلائی ٹیکنالوجی اور تحقیق کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔سپارکو نے ایک اعلامیہ میں کہا کہ ریزالو (ریسرچ سولیوشنز اینڈ وینچرز) کے اقدام کے تحت لاہور میں قائم کی گئی یہ جدید تحقیقاتی لیب، پاکستان کے شمال، مرکز اور جنوب میں تکنیکی تحقیقی مراکز کے قیام کی بنیاد رکھے گی، جو تعلیمی اداروں اور صنعت کو جدید ٹیکنالوجی پر کام کرنے کے لیے مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔سپارکو کے مطابق، اس جدید لیبارٹری کا مقصد محققین کو پیچیدہ اور حقیقی دنیا کے چیلنجوں کا حل تلاش کرنے کے لیے ایک آزاد اور اشتراکی ماحول فراہم کرنا ہے۔ لیب میں خلائی ٹیکنالوجی سے متعلق منصوبوں پر تحقیق کی جائے گی، جو تعلیمی اور صنعتی تحقیقاتی سرگرمیوں کو فروغ دیں گے۔اس تحقیقی مرکز میں سیٹلائٹ ڈیزائن، جدید انٹینا، مائیکروویو سسٹمز، محفوظ سیٹلائٹ کمیونیکیشنز، اور دیگر خلائی ٹیکنالوجیز پر کام کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں، ریزالو مختلف یونیورسٹیوں میں لیکچرز، سیمینارز اور ورکشاپس کا انعقاد کرے گا تاکہ ملک بھر میں علم کے تبادلے اور تکنیکی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
لاہور؛ خلائی ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے ریزالو آر اینڈ ڈی لیب کا افتتاح
29