اسلام آباد( اباسین خبر)پیپلز پارٹی نے پبلک اکانٹس کمیٹی (پی اے سی) کی سربراہی کا مطالبہ کیا ہے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو ایک خط ارسال کیا جس میں پی اے سی اراکین کی ریکوزیشن پر اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا گیا۔پارلیمانی ذرائع کے مطابق پی اے سی کے گیارہ اراکین نے اجلاس کی ریکوزیشن جمع کروا رکھی ہے، اور اسپیکر کے اجلاس نہ بلانے کی صورت میں پیپلز پارٹی نے خود اجلاس بلانے کا عندیہ دیا ہے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے اپنے خط میں اسپیکر ایاز صادق سے مدد بھی طلب کی اور کہا کہ جب تک مستقل چیئرمین نہیں بنتا، کمیٹی اراکین کو اپنے چیئرمین کا انتخاب کرنے کا حق دیا جائے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے پی اے سی کی سربراہی کے لیے تحریک انصاف سے نئے ناموں کا پینل مانگ لیا ہے، اور سابق اسپیکر اسد قیصر نے اس معاملے پر اسپیکر ایاز صادق سے ملاقات بھی کی۔ تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم کو چیئرمین بنانے پر بضد ہے۔دریں اثنا، مسلم لیگ ن نے بھی پی اے سی کی سربراہی کے لیے پیپلز پارٹی کی حمایت کا اشارہ دے دیا ہے۔ مارچ میں حکومت کے قیام کے بعد سے پارلیمنٹ کی سب سے اہم کمیٹی پی اے سی ابھی تک اپنے چیئرمین کا انتخاب نہیں کر سکی۔
پیپلز پارٹی نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی مانگ لی
34