لاہور( اباسین خبر)لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے تدارک کے لیے پنجاب بھر میں مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے اور اتوار کو بھی بند رکھنے کا حکم دے دیا ہے۔عدالت میں سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، جس میں جسٹس شاہد کریم نے ہارون فاروق اور دیگر کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔ سماعت کے دوران عدالت نے لاہور میں لاریوں اور بسوں کے داخلے پر پابندی عائد کرتے ہوئے ٹرکوں اور ٹرالرز کے شہر میں داخلے کو روکنے کے لیے بھی اقدامات کا حکم دیا۔جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ ٹرک اور ٹرالر سموگ کا بڑا سبب ہیں اور ان کی وجہ سے آلودگی بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈولفن پولیس اور دیگر اہلکاروں کو ہیوی ٹریفک کی نگرانی کے لیے تعینات کیا جائے۔عدالت نے حکومت کی جانب سے سموگ کے تدارک کے لیے کیے گئے اقدامات پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت عدالتی احکامات کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی۔ جسٹس شاہد کریم نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سموگ کی صورتحال پر رات کے وقت انتظامیہ کو خود جائزہ لینا چاہیے۔عدالت نے ورک فرام ہوم کی پالیسی شروع کرنے کی ہدایت بھی کی اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر موٹر وے اور رنگ روڈز کے داخلے پر پابندی لگانے کا حکم دیا۔ جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ سموگ کے تدارک کے لیے کیے گئے اقدامات کے نتائج پانچ سال میں سامنے آئیں گے۔عدالت کا مزید کہنا تھا کہ چین نے سموگ کو کنٹرول کرنے کے لیے کامیاب اقدامات کیے ہیں، اور پاکستان کو بھی اسی طرح کی حکمت عملی اپنانا ہوگی۔
سموگ تدارک: لاہور سمیت پنجاب بھر میں مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا حکم
18