لاہور( اباسین خبر)پنجاب کے مختلف شہروں میں سموگ کی شدت برقرار ہے، جس سے فضائی آلودگی انسانی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔صوبائی دارالحکومت لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 700 سے تجاوز کر گیا ہے، جبکہ شہر کے کئی علاقوں میں AQI 1000 سے بھی اوپر ریکارڈ کیا گیا۔ملتان میں بھی سموگ کی صورتحال تشویشناک ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 1487 تک پہنچ چکا ہے اور شہر کے متعدد علاقے شدید سموگ کی لپیٹ میں ہیں۔ماہرین صحت کے مطابق، سموگ کے باعث آنکھوں اور گلے کے انفیکشن کے کیسز میں اضافہ ہو چکا ہے، جس سے ایک ماہ میں ایک لاکھ سے زائد شہری متاثر ہوئے ہیں۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے 10 روز تک سموگ کی صورتحال جوں کی توں رہے گی۔محکمہ ماحولیات کے مطابق لاہور، شیخوپورہ اور ملتان سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ ان علاقوں میں نجی سکولوں میں تمام سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں اور اساتذہ کی حاضری بھی آن لائن ہو گی۔ سکولوں کے تفریحی دورے اور کھیلوں کی سرگرمیاں بھی ممنوع قرار دی گئی ہیں۔
پنجاب: سموگ کے ڈیرے، فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ، سانس لینا دشوار
74