لاہور( اپنے رپور ٹر سے) وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کی پہلی بنیاد نبی کریم نے اسلام کی پہلی یونیورسٹی مسجد نبوی میں رکھی۔سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کہا کہ ہم درود بھیجتے ہیں نبی کریم پر جو رحم للعالمین اور خاتم النبیین ہیں۔ اللہ پاک کہتے ہیں کہ اے نبی میں نے آپ کا نام بلند کردیا۔مریم نواز نے کہا کہ آج انسانی حقوق کی بڑی بات ہوتی ہیں ۔ انسانی حقوق کی پہلی بنیاد نبی کریم نے اسلام کی پہلی یونیورسٹی مسجد نبوی شریف میں رکھی۔ وہاں پر جو تعلیم دی گئی وہ آج پوری دنیا میں پھیلی ہوئی ہے۔ اللہ کے نبی نے انسانی حقوق کی جو بنیاد رکھی، اس میں ہر انسان کے حقوق کا تعین کیا گیا اور امیر غریب، کالے گورے کی تفریق سے منع فرمایا گیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام میں خواتین کے حقوق کو بڑی اہمیت حاصل ہے۔ قرآن و حدیث کا مطالعہ کیا جائے تو پتا چلتا ہے کہ اسلام نے خواتین کو مثالی حقوق دیے ہیں۔ نبی کریم نے بی بی فاطمہ کو کہا کہ وہ میرے دل کا ٹکڑا ہیں۔ بیٹیوں کی عزت و احترام کا درس ہمیں اسلام ہی سے ملا۔ ہمیں اس طرح کی تعلیمات پر عمل کرنا چاہیے۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ نبی کریم کی سیرت میں سب کچھ ہے۔ علمائے کرام کا عمل ایسا ہونا چاہیے کہ لوگ اسے اپنائیں۔دین کی تبلیغ کرنے والے اساتذہ کرام معلم ہیں، ان کی جگہ ہمارے دلوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانی عیش و عشرت نہیں ہے۔ حکمران بھی جوابدہ ہیں۔ میرے پاس پنجاب میں 15 کروڑ عوام ہیں کہ اگر کسی کو روٹی نہیں ملتی تو مجھے ڈر لگتا ہے ۔ میں اللہ سے دعا کرتی ہوں کہ وہ میری مدد کریں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب اللہ نے آپ کو طاقت دی ہو تو آپ کا مخالف بھی ہو تو اس کے ساتھ بھی کوئی زیادتی نہ ہو۔ میں ڈرتی ہوں ۔ میرے مخالفین جیل میں کھانے بھی کھا رہے ہیں۔ مجھے کہتے ہیں کہ آپ جیل میں تھیں تو آپ کو سہولتیں میسر نہیں تھیں۔ مجھ پر جھوٹے الزامات لگائے گئے، لیکن مکافات عمل بھی ہوتا ہے۔ جب کسی نے ملک پر حملہ کیا، اس کے لیے کوئی رحم نہیں لیکن ڈر لگتا ہے کہ مجھ سے کسی کو نقصان نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ جب تک ہم دین کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں شامل نہیں کریں گے تو اس وقت تک باتیں ہی ہیں۔ اللہ کرے ہم جو دعوی کرتے ہیں اس کو عملی شکل بھی دیں۔ اللہ پاک پاکستان کو سلامت رکھے۔
انسانی حقوق کی پہلی بنیاد نبی کریمؐ نے اسلام کی پہلی یونیورسٹی مسجد نبوی میں رکھی، مریم نواز
70