بشریٰ انصاری سے متعلق بیان، زارا نور عباس نے وضاحت کردی
کراچی ( شو بز ڈیسک)پاکستانی اداکارہ زارا نور عباس نے اپنی خالہ اور سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری سے متعلق اپنے سابقہ بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بات کو شکایت کے طور پر پیش کیا گیا، جبکہ ان کا مقصد ایسا ہرگز نہیں تھا۔زارا نور عباس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک وائرل خبر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ انسان کی کہی ہوئی بات، اسے سمجھنے کا انداز، پھر اسے تحریر کرنے کا طریقہ اور آخر میں لوگوں کا اخذ کیا گیا مفہوم، یہ سب ایک دوسرے سے مختلف ہوسکتے ہیں۔اداکارہ نے بشریٰ انصاری کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خالہ ان کے لیے بہترین ہیں اور لوگوں کو ان کے خاندانی تعلق پر حسد نہیں کرنا چاہیے۔اس سے قبل زارا نور عباس کے ایک انٹرویو کا مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا، جس میں انہوں نے بشریٰ انصاری کے حوالے سے گفتگو کی تھی۔ بعض سوشل میڈیا صفحات نے اس گفتگو کو اس انداز میں پیش کیا جیسے زارا اپنی خالہ سے کسی معاملے پر شکوہ کررہی ہوں۔زارا نے اپنے مؤقف میں یہ بھی واضح کیا کہ کسی معروف رشتے دار کا ہونا اس بات کی ضمانت نہیں کہ فلم ساز کسی اداکارہ پر بڑی رقم لگائیں گے۔ ان کے مطابق اداکارہ کو اپنی صلاحیت اور فلم کی کامیابی کے ذریعے خود کو ثابت کرنا پڑتا ہے۔اداکارہ نے اپنے فنی سفر کے دوران شوہر اسد صدیقی کی جانب سے ملنے والی حمایت کا بھی ذکر کیا۔