پی ٹی آئی سے ڈھیل نہ ڈیل ہوگی، فیصل کریم کنڈی

پی ٹی آئی سے ڈھیل نہ ڈیل ہوگی، فیصل کریم کنڈی

Oct 3, 2026|ویب ڈیسک

ایبٹ آباد( اباسین خبر) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان تحریک انصاف کے مجوزہ لانگ مارچ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر سیاسی سرگرمیوں کے بجائے مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی لانگ مارچ کرنا چاہتی ہے تو کرکے دکھائے اور صوابی عبور کرکے آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ساتھ نہ کوئی نرمی برتی جارہی ہے اور نہ ہی کسی سمجھوتے کی گنجائش ہے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بعض رہنماؤں کے بیانات سے صوبے میں انتشار کے خدشات پیدا ہورہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو لوگ پہلے فارم 47 سے متعلق افراد سے بات نہ کرنے کا مؤقف اختیار کرتے تھے، اب وہی حکومت سے مذاکرات کررہے ہیں۔گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ آئین میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کی گنجائش موجود ہے اور اگر ایسی صورتحال پیدا ہوئی تو وہ اس حوالے سے تیار ہیں۔افغانستان سے آنے والے بیانات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر صوبائی حکومت کی جانب سے واضح مؤقف سامنے نہیں آیا۔نئے صوبوں کے قیام سے متعلق فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اگر ارکانِ اسمبلی چاہیں تو نئے صوبے بنائے جاسکتے ہیں، تاہم پارلیمنٹ کو نظرانداز کرکے ریفرنڈم کی باتیں شکوک پیدا کرتی ہیں۔ انہوں نے صوبے کے حقوق کے معاملے پر موجودہ حکومت کے ساتھ کھڑے رہنے کا بھی کہا۔مہنگائی اور عوامی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے گورنر نے وفاقی حکومت سے پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ حکمران اپنے اخراجات کم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کریں۔