نصرت بھروچا حادثے میں زخمی، ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر
ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ اداکارہ نصرت بھروچا انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں حادثے کا شکار ہوگئیں، جس کے نتیجے میں ان کی ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر ہوگیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے کے بعد اداکارہ کو بالی کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں طبی نگرانی میں رکھا ہوا ہے۔طبی معائنے اور مزید جانچ کے بعد نصرت بھروچا کو ریڑھ کی ہڈی کی سرجری کے لیے ممبئی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہیں ہوائی ایمبولینس کے ذریعے بالی سے ممبئی لایا جائے گا، جہاں ان کا آپریشن اور مزید علاج کیا جائے گا۔اداکارہ کی ٹیم کے مطابق نصرت بھروچا کو صحت یابی کے لیے مناسب آرام اور وقت درکار ہوگا، جس کے باعث آئندہ دنوں میں ان کے پیشہ ورانہ مصروفیات اور کام کے شیڈول پر بھی اثر پڑنے کا امکان ہے۔اداکارہ کی ٹیم نے مداحوں اور عوام سے ان کی نجی زندگی اور رازداری کا احترام کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت نصرت کی صحت اور بہتر طبی نگہداشت سب سے زیادہ اہم ہے۔ٹیم نے اداکارہ کے لیے تشویش اور نیک خواہشات کا اظہار کرنے والے تمام افراد کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔