حنا چوہدری سرجری کے بعد روبۂ صحت، اسپتال کی ویڈیو شیئر

حنا چوہدری سرجری کے بعد روبۂ صحت، اسپتال کی ویڈیو شیئر

Oct 3, 2026|ویب ڈیسک

کراچی ( شو بز ڈیسک)پاکستانی اداکارہ حنا چوہدری نے بتایا ہے کہ وہ ایک مشکل سرجری کے بعد بتدریج صحت یاب ہورہی ہیں اور اسپتال میں گزارے گئے دنوں کی ویڈیو بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کی ہے۔اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ گزشتہ چند دنوں نے انہیں صحت، زندگی اور خاندان کی اہمیت کا دوبارہ احساس دلایا۔ ان کے مطابق تکلیف دہ سرجری کے بعد اب وہ پہلے سے بہتر محسوس کررہی ہیں۔حنا چوہدری نے کہا کہ روزمرہ کی مصروفیات میں انسان اکثر اپنی صحت کو نظر انداز کردیتا ہے، تاہم بعض اوقات جسم خود اسے رفتار کم کرنے اور آرام کرنے کا اشارہ دیتا ہے۔انہوں نے اپنی زندگی کی نعمتوں پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے ان تمام دوستوں اور اہل خانہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا۔ اداکارہ کے مطابق ان کے شوہر اور دوست اداکارہ حرا خان نے اسپتال میں ان کی دیکھ بھال کی اور بھرپور تعاون فراہم کیا۔حنا چوہدری کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی مکمل صحت یابی کے مرحلے میں ہیں اور احتیاط کررہی ہیں۔ اس تجربے نے انہیں زندگی کی چھوٹی چھوٹی خوشیوں کی قدر کرنا بھی سکھایا ہے۔اداکارہ کی پوسٹ پر شوبز شخصیات نے بھی ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ شگفتہ اعجاز اور ثنا شاہنواز نے حنا چوہدری کی صحت و تندرستی کے لیے دعائیں کیں۔