ایف سی بلوچستان کے 39 مفت طبی کیمپس، 5 ہزار 640 افراد کا علاج

ایف سی بلوچستان کے 39 مفت طبی کیمپس، 5 ہزار 640 افراد کا علاج

Oct 3, 2026|ویب ڈیسک

کوئٹہ ( اباسین خبر) بلوچستان کے مختلف دورافتادہ اور پسماندہ علاقوں میں فرنٹیئر کور بلوچستان کی جانب سے 39 مفت طبی کیمپس کا انعقاد کیا گیا، جہاں ہزاروں افراد کا بلا معاوضہ معائنہ اور علاج کیا گیا۔ان طبی کیمپس میں مجموعی طور پر 5 ہزار 640 مریضوں کا طبی معائنہ کیا گیا اور انہیں ضرورت کے مطابق مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔مفت طبی کیمپس قلعہ سیف اللہ، کوہلو، چمن، ژوب، ڈیرہ بگٹی، قلعہ عبداللہ، سبی اور لورالائی سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں قائم کیے گئے، جس سے دور دراز علاقوں کے مقامی افراد کو طبی سہولیات میسر آئیں۔کیمپس کے دوران بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو صحت سے متعلق ضروری آگہی بھی فراہم کی گئی، جبکہ مریضوں کو بیماریوں سے بچاؤ اور صحت کی دیکھ بھال کے حوالے سے رہنمائی دی گئی۔دورافتادہ علاقوں کے مستحق شہریوں نے مفت طبی کیمپس کے انعقاد اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کو سراہا۔