پی ٹی آئی لانگ مارچ، بانی سے ملاقات شرط قرار

پی ٹی آئی لانگ مارچ، بانی سے ملاقات شرط قرار

Oct 3, 2026|ویب ڈیسک

پشاور( اباسین خبر)پاکستان تحریک انصاف نے 4 اکتوبر کو ہونے والے لانگ مارچ کو منسوخ کرنے کے معاملے کو پارٹی کے بانی چیئرمین سے ملاقات سے مشروط کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی سیاسی اور کور کمیٹی کے اجلاس میں حکومت سے جاری مذاکرات پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ لانگ مارچ کی صورت میں وفاقی حکومت صوبائی حکومت اور پی ٹی آئی کے خلاف ممکنہ اقدامات کرسکتی ہے۔اجلاس کے دوران حکومتی کارروائی کے خدشے کے پیش نظر مارچ مؤخر کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی، تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے مؤقف اختیار کیا کہ لانگ مارچ کے التوا کا فیصلہ بانی چیئرمین ہی کرسکتے ہیں۔سہیل آفریدی نے کہا کہ حکومت سے ہونے والے مذاکرات میں بانی چیئرمین سے ملاقات کی شرط رکھی جائے۔ ان کے مطابق اس ملاقات کے بعد ہی لانگ مارچ کے بارے میں کوئی فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔دوسری جانب پی ٹی آئی کی جانب سے 4 اکتوبر کو لانگ مارچ شروع کرنے کا اعلان برقرار رکھا گیا ہے، جبکہ مذاکرات کے ذریعے معاملات طے کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔