سیکیورٹی واپسی صوبے میں مثالی امن کا ثبوت:فضل الرحمان

سیکیورٹی واپسی صوبے میں مثالی امن کا ثبوت:فضل الرحمان

Nov 21, 2026|ویب ڈیسک

پشاور ( اباسین خبر) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے طنزیہ انداز اپناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی سیکیورٹی واپس لینا اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال مثالی ہے، جبکہ سابق فاٹا کے مستقبل کا فیصلہ بھی وہاں کے عوام کی مرضی سے ہونا چاہیے۔پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کی وجہ دہشت گردی بتائی گئی ہے، اگر دہشت گردی گورنر راج کا جواز ہے تو کیا بلوچستان کے حالات خراب نہیں ہیں؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سابق فاٹا کو الگ صوبہ بنانا ہے یا خیبرپختونخوا میں ضم رکھنا ہے، اس بارے میں وہاں کے عوام سے رائے لی جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انضمام کے وقت سابق فاٹا کو 10 ارب روپے دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، حکومت بتائے کہ 9 سال میں کتنے فنڈز دیے گئے اور تعلیم کے شعبے میں کون سی نئی تبدیلی لائی گئی؟ملکی سیاست پر تنقید کرتے ہوئے جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ یہاں ذاتی مفادات اور تضادات کی سیاست ہو رہی ہے، جبکہ ان کی جماعت سندھ اور بلوچستان سمیت تمام اکائیوں کے حقوق کی بات کرتی ہے جہاں وفاق قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے جعلی اور ڈمی اسمبلیاں بنائی جا رہی ہیں جو عوام کے بجائے صرف طاقتور حلقوں کی خدمت کرتی ہیں، اس لیے ملک میں شفاف انتخابات ناگزیر ہیں تاکہ حقیقی عوامی طاقت سامنے آ سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو باتیں وہ کل کرتے تھے، آج حکومت کے پڑوس سے بلاول بھٹو زرداری کی آواز بھی وہی آ رہی ہے۔ملکی معاشی صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 80 سال گزرنے کے بعد بھی عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملا، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر اور مہنگائی کی شرح سب کے سامنے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی دنیا کے بجائے اگر خطے کے ممالک ایران، افغانستان اور بنگلا دیش سے ہی موازنہ کر لیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ ہم ترقی کے بجائے مسلسل پیچھے کی طرف گئے ہیں۔اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر عملدرآمد نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 1973 میں بننے والی کونسل کی سفارشات اسمبلی میں آ کر کسی نامعلوم کمرے میں بند ہو جاتی ہیں اور آج تک ایک سفارش پر بھی قانون سازی نہیں ہو سکی، حتیٰ کہ 26 ویں آئینی ترمیم میں شق شامل ہونے کے باوجود سفارشات ایوان میں بحث کے لیے پیش نہیں کی گئیں۔ آخر میں انہوں نے صوبوں کی تقسیم کی بازگشت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ماضی میں چاروں صوبوں کو ملا کر ون یونٹ بنایا گیا اور آج ہر صوبے کے ٹکڑے کرنے کی سوچ پروان چڑھ رہی ہے۔