جنڈولہ پولیس اور ڈی آر سی کی کاوشوں سے صلح
ٹانک( اباسین خبر) حکومتِ خیبر پختونخوا کے امن و استحکام کے لیے جاری خصوصی اقدامات کے تحت ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ڈیرہ اسماعیل خان غلام مبشر میکن اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ٹانک عبدالصمد خان کی ہدایات پر جنڈولہ پولیس نے مقامی مصالحتی کونسل (ڈی آر سی) کے تعاون سے دو فریقین کے مابین جاری دیرینہ رنجش اور تنازعے کو خوش اسلوبی سے حل کرا دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ جنڈولہ سجاد احمد خان، فوکل پرسن ڈی آر سی شیخ زمان، ہیڈ کانسٹیبل عبدالوہاب اور چیئرمین عبدالقیوم خان کی مشترکہ کوششوں سے فریقین کے درمیان باہمی رضامندی سے باقاعدہ تحریری صلح نامہ طے پایا۔ طے پانے والے معاہدے کی شرائط کے تحت فریقِ دوم زخمی فریقِ اول کو علاج معالجے کے اخراجات اور مالی ازالے کے طور پر 2 لاکھ روپے نقد اور ایک دنبہ ادا کرے گا، جبکہ فریقِ اول کی جانب سے بھی فریقِ دوم کو ایک لاکھ روپے نقد اور ایک دنبہ ادا کیا جائے گا۔صلح کے موقع پر دونوں فریقین نے روایتی پشتون رسم و رواج کے مطابق ’ننواتے‘ کرتے ہوئے سابقہ تمام اختلافات اور رنجشیں ختم کرنے کا اعلان کیا، اور اس عہد کا اعادہ کیا کہ آئندہ ایک دوسرے کی عزت و احترام کا خیال رکھتے ہوئے امن، بھائی چارے اور باہمی رواداری کے ساتھ زندگی بسر کریں گے۔علاقہ عمائدین اور شہریوں نے ڈی پی او ٹانک عبدالصمد خان کے وژن کے تحت جنڈولہ پولیس اور ڈی آر سی کی اس کامیاب مصالحتی کارروائی کو علاقے میں پائیدار امن کے قیام اور دشمنیوں کے خاتمے کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیتے ہوئے سراہا ہے۔