سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں خشک سالی کا خدشہ

سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں خشک سالی کا خدشہ

Nov 21, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد( اباسین خبر)  محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں میں مسلسل کمی کے باعث آئندہ تین ماہ کے دوران سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں خشک سالی کی صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے، جس سے گندم سمیت ربیع کی فصلیں بری طرح متاثر ہو سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سندھ اور بلوچستان میں جولائی سے نومبر تک مسلسل معمول سے انتہائی کم بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ سندھ میں ستمبر کے دوران بارشیں معمول سے 90 فیصد کم رہیں، اکتوبر میں بارشوں میں 100 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ یکم سے 20 نومبر تک معمول سے 99 فیصد کم بارشیں ہوئیں۔ اسی طرح بلوچستان میں اکتوبر کے دوران معمول سے 80 فیصد اور نومبر کے ابتدائی 20 دنوں میں 79 فیصد کم بارشیں برسیں۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ دسمبر سے فروری تک سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں معمول سے کم بارشوں کا امکان برقرار رہے گا۔ بارشیں نہ ہونے کے باعث زمین میں نمی کا تناسب کم ہو جائے گا اور زیرِ زمین پانی کے ذخائر پر دباؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ بارانی علاقوں میں کاشت کی گئی فصلوں اور مویشی پالنے والے خاندانوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ خشک سالی کا یہ الرٹ محض ایک احتیاطی تدبیر کے طور پر جاری کیا گیا ہے اور تاحال کسی ہنگامی صورتحال کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خشک سالی سے ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے علاقوں اور آبادیوں کی بروقت نشاندہی کریں۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات خشک سالی کی صورتحال کا اگلا جائزہ 5 دسمبر کو جاری کرے گا۔