پشاور بائی پاس منصوبے میں تاخیر پر وزیر برہم
پشاور ( اباسین خبر) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے پشاور ناردرن بائی پاس منصوبے کی تکمیل میں 20 سال کی طویل تاخیر پر شدید برہمی اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبوں میں دو دہائیوں کا التوا کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور ہمیں خود احتسابی کرنا ہوگی۔وفاقی وزیر مواصلات نے پشاور میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پودا لگایا اور خیبرپختونخوا کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ پشاور بائی پاس جیسے اہم ترین منصوبے کو مکمل ہونے میں 20 سال لگنا انتہائی تشویشناک امر ہے؛ حکومتی فنڈنگ اور ’من و سلویٰ‘ کے انتظار میں اتنا طویل وقت ضائع کرنا کس کا نقصان ہے؟ انہوں نے بتایا کہ اب این ایچ اے نے اپنے وسائل میں اضافے کے بعد 5 ارب روپے فراہم کیے ہیں جس کے نتیجے میں یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچنے جا رہا ہے۔شاہراہوں پر ٹول ٹیکس اور سفری سہولیات کے حوالے سے دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ جہاں نئے ٹول پلازے لگیں گے وہاں نئی سڑکیں بھی تعمیر ہوں گی اور مسافروں کو معیاری ریسٹ ایریاز کی سہولیات بھی فراہم کرنا ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر شہریوں کو بہتر سفری سہولیات نہیں ملتیں تو ٹول ٹیکس وصول کرنے کا کوئی جواز نہیں، تاہم جب شاہراہیں معیاری اور ریسٹ ایریاز بہترین ہوں گے تو عوام بخوشی ٹول ٹیکس ادا کریں گے۔اس موقع پر وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پشاور ناردرن بائی پاس منصوبے کا آغاز 2009ء میں ہوا تھا جبکہ 2017ء میں اسے ری ڈیزائن کیا گیا۔ سینئر افسران نے عبدالعلیم خان کو یقین دہانی کرائی کہ منصوبے کا 85 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے اور اسے آئندہ جنوری میں ٹریفک کے لیے مکمل طور پر کھول دیا جائے گا۔