اداکار وویک مشرو نے ’سی آئی ڈی‘ کیوں چھوڑی؟ وجہ سامنے آگئی
ممبئی (شوبز ڈیسک) معروف بھارتی ٹی وی ڈرامے ’سی آئی ڈی‘ میں انسپکٹر وویک کا کردار ادا کرنے والے اداکار وویک مشرو نے تقریباً 6 سال تک شو کا حصہ رہنے کے بعد اداکاری کو خیرباد کہہ کر ایک بالکل مختلف شعبے میں اپنا کیریئر بنا لیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق وویک مشرو کو ملک گیر آڈیشن مہم کے ذریعے ’سی آئی ڈی‘ میں منتخب کیا گیا تھا۔ ابتدا میں انہیں صرف 3 ماہ کا معاہدہ دیا گیا، تاہم وہ بعد ازاں تقریباً 500 اقساط میں نظر آئے۔ شو کی مصروف شوٹنگ کے دوران انہیں بعض اوقات روزانہ 16 سے 18 گھنٹے تک کام کرنا پڑتا تھا۔جون 2012ء میں 29 سال کی عمر میں اداکاری چھوڑنے کے بعد وویک مشرو نے بھارتی ہمالیہ کے پہاڑی علاقوں میں تنہا سفر کیا اور مہاراشٹر و گجرات کی سیاحت کی۔ بعد ازاں انہوں نے سنگاپور سے بین الاقوامی کاروبار میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی، جبکہ ڈیٹا سائنس اور کاروباری تجزیات کی تعلیم بھی حاصل کی۔ وہ بنگلورو کی سی ایم آر یونیورسٹی میں شعبہ جاتی سربراہ کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے۔فروری 2024ء میں انہوں نے کاروباری حکمتِ عملی اور ترقی کے شعبے میں کام شروع کیا۔ مئی 2026ء تک ایک ادارے میں صدر برائے حکمتِ عملی و ترقی کے عہدے پر فائز رہنے کے بعد اب وہ مشیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔جون 2023ء میں وویک مشرو کی ’سی آئی ڈی‘ کے زمانے کی ایک پرانی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو مداح انہیں دوبارہ پہچان کر حیران رہ گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق وویک مشرو کا کہنا ہے کہ انہیں اداکاری کی نئی پیشکشیں بھی ہوئیں، تاہم فی الحال ٹیلی ویژن پر واپسی کا کوئی ارادہ نہیں۔