سمے رائنا یوٹیوب پر 10 لاکھ بامعاوضہ ممبرشپ حاصل کرنے والے پہلے تخلیق کار بن گئے

سمے رائنا یوٹیوب پر 10 لاکھ بامعاوضہ ممبرشپ حاصل کرنے والے پہلے تخلیق کار بن گئے

Nov 27, 2026|ویب ڈیسک

ممبئی (شوبز ڈیسک) بھارتی مزاحیہ فنکار اور یوٹیوبر سمے رائنا نے یوٹیوب پر ایک منفرد عالمی اعزاز حاصل کرلیا، وہ دنیا کے پہلے تخلیق کار بن گئے ہیں جن کے چینل نے 10 لاکھ بامعاوضہ ممبرشپ کا سنگ میل عبور کیا ہے۔گوگل انڈیا کے بلاگ پر جاری بیان کے مطابق سمے رائنا نے اپنے منفرد انداز اور پروگرام ’’انڈیاز گوٹ لیٹنٹ‘‘ کے ذریعے لاکھوں ناظرین کو اپنے چینل سے وابستہ کیا۔ اس وقت یوٹیوب پر ان کے صارفین کی تعداد 12.4 ملین ہے۔رپورٹ کے مطابق جون 2026ء میں بھارت میں 12 لاکھ سے زائد صارفین نے کم از کم ایک یوٹیوب چینل کی بامعاوضہ رکنیت حاصل کی، جبکہ بھارتی مواد تخلیق کرنے والوں کی ممبرشپ سے ہونے والی آمدن میں سالانہ بنیاد پر 25 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔سمے رائنا نے 2025ء میں اپنے پروگرام ’’انڈیاز گوٹ لیٹنٹ‘‘ کے دوران پیدا ہونے والے تنازع کے بعد اس کی تمام اقساط یوٹیوب سے ہٹا دی تھیں۔ تنازع اس وقت شروع ہوا جب یوٹیوبر رنویر الہٰ آبادیہ نے پروگرام کی ایک قسط میں والدین اور غیر اخلاقی تعلقات سے متعلق متنازع گفتگو کی، جس پر شدید ردعمل سامنے آیا اور سمے رائنا سمیت پروگرام سے وابستہ افراد کے خلاف پولیس شکایات اور مقدمات درج ہوئے۔بعد ازاں سمے رائنا نے 2026ء میں اپنے مزاحیہ پروگرام ’’اسٹل الائیو‘‘ کے ذریعے دوبارہ شوبز سرگرمیوں کا آغاز کیا اور ’’انڈیاز گوٹ لیٹنٹ‘‘ کے دوسرے سیزن کا بھی اجرا کیا، جو یوٹیوب اور نیٹ فلکس پر نشر کیا گیا۔پروگرام کے دوسرے سیزن کی آخری قسط میں سمے رائنا نے انکشاف کیا کہ تنازع کے بعد وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوگئے تھے۔ کینیڈا میں قیام کے دوران وہ چیٹ جی پی ٹی سے بھی پوچھا کرتے تھے کہ ان کا پروگرام دوبارہ کب شروع ہوسکے گا۔