آسکر نامزد ایرانی فلم نویس مہدی محمودیان تہران میں گرفتار
تہران( شو بز ڈیسک) ایران کے معروف انسانی حقوق کے کارکن اور آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد فلم کے مصنفین میں شامل مہدی محمودیان کو تہران میں گرفتار کرلیا گیا ہے، تاہم ان کی گرفتاری کی وجوہات تاحال واضح نہیں ہوسکیں اور ایرانی حکام نے بھی کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔امریکی خبر رساں ادارے کو یہ اطلاع یورپ میں مقیم محمودیان کے ایک دوست نے دی۔ وہ ایرانی فلم ’’اٹ واز جسٹ این ایکسیڈنٹ‘‘ کے مصنفین میں شامل ہیں، جسے آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔مہدی محمودیان کے ٹیلی گرام پر موجود ذاتی سماجی رابطے کے صفحے کے مطابق کچھ اہلکار ان کے گھر پہنچے، انہیں حراست میں لیا اور ان کے برقی آلات بھی ضبط کرلیے۔ بعد ازاں خبر رساں ویب سائٹ امتداد نے بھی ان کی گرفتاری کی اطلاع دی۔محمودیان کے دوست حسین رزاق نے بتایا کہ ان کی رات تقریباً 2 سے 3 بجے فون پر آخری مرتبہ بات ہوئی تھی۔ اس وقت وہ 2022ء کے احتجاج کے دوران پیش آنے والی ایک موت اور اس سے متعلق سزائے موت کے مقدمے پر گفتگو کررہے تھے۔ اس کے بعد محمودیان نے فون کا جواب دینا بند کردیا۔حسین رزاق کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ ایک درجن سے زائد مسلح اہلکاروں نے محمودیان کے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کیا اور ان کے برقی آلات بھی ساتھ لے گئے۔ ان کے مطابق محمودیان کو گریٹر تہران جیل میں رکھا گیا ہے۔ایران میں 2022ء میں پولیس کی حراست میں مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد ملک گیر احتجاج شروع ہوا تھا۔ انہیں حجاب کے ضابطوں کی خلاف ورزی کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔ احتجاجی مظاہرے کئی ماہ تک جاری رہے، جبکہ حکومتی کارروائیوں کے دوران سیکڑوں افراد ہلاک اور ہزاروں گرفتار ہوئے تھے۔مہدی محمودیان کو ان کے ٹیلی گرام صفحے پر ایک اطلاع شائع کرنے کے اگلے روز گرفتار کیا گیا، جس میں انہوں نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ مہسا امینی کی ہلاکت کے خلاف احتجاج کے بعد گرفتار کیے گئے دو مظاہرین کو آئندہ 24 گھنٹوں میں پھانسی دی جاسکتی ہے۔اوسلو میں قائم تنظیم ایران ہیومن رائٹس کے مطابق مہسا امینی احتجاج سے متعلق مقدمات میں اب تک کم از کم 15 مظاہرین کو پھانسی دی جاچکی ہے، جن میں سے دو کو 2026ء میں سزائے موت دی گئی۔حسین رزاق کا کہنا ہے کہ محمودیان ایران میں قید مظاہرین اور پھانسی کے خطرے سے دوچار افراد کے حق میں مسلسل آواز اٹھاتے رہے ہیں، جبکہ ایرانی حکام سزائے موت کے مقدمات کے حوالے سے انتہائی حساس ہیں۔