ایران کے میزائل یورپ پہنچ سکتے ہیں، ٹرمپ کا دعویٰ
واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے پاس ایسے بیلسٹک میزائل موجود ہیں جو یورپ تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جبکہ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن قائم نہ ہوا تو پورے خطے کو ایٹمی تباہی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔عالمی نشریاتی ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے فلوریڈا میں اپنی رہائش گاہ "مارا لاگو" سے یومِ تشکر (تھینکس گیونگ) کے موقع پر امریکی فوجی اہلکاروں سے ٹیلی فونک گفتگو کی۔ مشرقِ وسطیٰ سے متعلق مستقبل کی امریکی پالیسی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایرانی میزائل امریکا تک تو نہیں پہنچ سکتے، تاہم یورپ ان کی زد میں آسکتا ہے۔امریکی صدر نے خدشہ ظاہر کیا کہ خطے میں عدم استحکام برقرار رہنے کی صورت میں ایران اسرائیل اور مشرقِ وسطیٰ کے دیگر ممالک پر جوہری ہتھیاروں سے حملہ کرسکتا ہے، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر ایٹمی تباہی پھیل سکتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکا کو مشرقِ وسطیٰ کے تیل کی کوئی ضرورت نہیں ہے، تاہم خطے میں امن و امان کا قیام ناگزیر ہے۔ایرانی قیادت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ ان رہنماؤں کی ذہنیت سے بخوبی واقف ہیں اور ان کے بقول وہ غیر معمولی طور پر غیر معقول ہیں، یہی وجہ ہے کہ امریکا کسی صورت ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ واشنگٹن کو خطے کے اتحادی ممالک کی حمایت اس وقت تک جاری رکھنی چاہیے جب تک وہ اپنے دفاع اور تحفظ کے لیے مکمل طور پر خود کفیل نہ ہوجائیں۔