علی امین گنڈاپور کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ
اسلام آباد( اباسین خبر) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے آڈیو لیک کیس میں سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے ہیں۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج حاکم خان بکھر نے علی امین گنڈاپور کے خلاف دائر آڈیو لیک کیس کی سماعت کی، جس کے دوران سابق وزیراعلیٰ اپنے وکیل راجہ ظہور الحسن ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے آغاز پر علی امین گنڈاپور کی جانب سے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی باقاعدہ درخواست دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ گورنر راج کے دوران نظربند ہونے کے باعث وہ گزشتہ سماعت پر عدالت میں پیش نہیں ہوسکے تھے۔عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے اور قرار دیا کہ آئندہ سماعت پر استغاثہ (پراسیکیوشن) کے گواہان کے بیانات قلمبند کیے جائیں گے۔ بعدازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 20 جنوری تک ملتوی کردی۔