گورنر راج کا مقصد صوبے میں امن برقرار رکھنا

گورنر راج کا مقصد صوبے میں امن برقرار رکھنا

Nov 27, 2026|ویب ڈیسک

پشاور ( اباسین خبر) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کا بنیادی مقصد امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبائی پولیس کو جلد از جلد تمام ضروری وسائل اور جدید سہولیات فراہم کردی جائیں گی، جبکہ اس مد میں 170 ارب روپے کے فنڈز بھی بہت جلد موصول ہوجائیں گے۔ ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ناردرن بائی پاس منصوبے پر کام جلد شروع کردیا جائے گا، چترال سمیت صوبے کی دیگر اہم شاہراہوں کی تعمیر بھی جلد مکمل کی جائے گی اور سوات و ہکلہ میں ایمرجنسی سروسز کا آغاز کیا جائے گا۔مہنگائی اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر بات کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے نشاندہی کی کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں آٹے کی قیمت میں 250 روپے کا فرق ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاست میں پرامن احتجاج کرنا ہر شہری اور جماعت کا جمہوری حق ہے۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے بھر میں غیرقانونی تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور خبردار کیا کہ اگر کسی مقام پر تجاوزات دوبارہ قائم کی گئیں تو اس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ دکاندار پر عائد ہوگی۔