کویت ڈرون حملہ مشکوک، ایران کی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش

کویت ڈرون حملہ مشکوک، ایران کی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش

Nov 27, 2026|ویب ڈیسک

تہران ( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے کویت میں ہونے والے ڈرون حملے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے واقعے میں ملوث ہونے کی تردید کردی ہے، جبکہ واقعے کے محرکات جاننے کے لیے کویت اور اٹلی کی حکومتوں کے ساتھ مکمل تحقیقات میں تعاون کی پیشکش بھی کی ہے۔تفصیلات کے مطابق کویت میں ڈرون حملے کے نتیجے میں دو اطالوی شہریوں کی ہلاکت کے بعد ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے اطالوی ہم منصب انتونیو تایانی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہری تعزیت کا اظہار کیا۔ گفتگو کے دوران عباس عراقچی نے تہران کا مؤقف دہراتے ہوئے واضح کیا کہ کویت پر ہونے والے ڈرون حملے میں ایران کا کوئی کردار نہیں ہے، تاہم ایران اس واقعے کے تمام پہلوؤں کو بے نقاب کرنے کے لیے کویتی اور اطالوی حکام کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔دوسری جانب اٹلی کا کہنا ہے کہ کویت میں ہلاک ہونے والے اس کے دونوں شہری فضائی دفاعی نظام پر کام کر رہے تھے۔ اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تایانی نے ملکی سینیٹ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً دو بجے متعدد ڈرونز نے کویت کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جن میں فضائی دفاعی ریڈار کا ایک مرکز بھی شامل تھا۔ اس تنصیب پر اطالوی اسلحہ ساز کمپنی "رائن میٹل" (Rheinmetall) کے دو ماہرین تعینات تھے جو حملے کی زد میں آکر جان کی بازی ہار گئے۔قبل ازیں کویتی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا تھا کہ مسلح افواج نے فضا میں ہی کئی حملہ آور ڈرونز کو تباہ کردیا تھا، تاہم اس کارروائی کے دوران ڈرونز کے ملبے اور شیل کے ٹکڑے گرنے سے ایک کویتی شہری، دو اطالوی ماہرین اور ایک پاکستانی باشندے سمیت چار افراد زخمی ہوئے تھے، جن میں سے بعد ازاں دونوں اطالوی ماہرین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔