بلوچستان کابینہ میں بڑی تبدیلی، کئی وزرا فارغ ہونگے
کوئٹہ ( اباسین خبر) بلوچستان میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی اتحادی حکومت نے صوبائی کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کرنے پر اتفاق کرلیا ہے، جس کے تحت کئی موجودہ وزرا سے قلمدان واپس لے کر نئے چہروں کو شامل کیا جائے گا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق کابینہ میں یہ تبدیلیاں رواں ہفتے کے آخر تک متوقع ہیں، جبکہ متوقع اکھاڑ پچھاڑ کے پیشِ نظر موجودہ وزرا اپنی وزارتیں بچانے اور خواہشمند ارکانِ اسمبلی نئے عہدے حاصل کرنے کے لیے اسلام آباد اور کوئٹہ میں سرگرم ہوگئے ہیں۔صوبائی وزیرِ خزانہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما میر شعیب نوشیروانی نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کابینہ میں تبدیلیوں کا امکان موجود ہے اور اس حوالے سے اتحادی جماعتوں کے درمیان مشاورت جاری ہے۔ دوسری جانب حکومتی عہدیداروں کے مطابق اس ردوبدل کی بنیادی وجہ وزرا کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ اتحادی جماعتوں کا اندرونی دباؤ بھی ہے، کیونکہ کئی ارکانِ اسمبلی کا مؤقف ہے کہ موجودہ وزرا آئینی مدت کا نصف حصہ مکمل کر چکے ہیں، لہٰذا اب دیگر ارکان کو بھی حکومتی ذمہ داریاں ملنی چاہئیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے پہلے اپنی جماعت کی پارلیمانی پارٹی سے مشاورت کی اور بعد ازاں اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سمیت ن لیگ کی مرکزی قیادت سے ملاقات کی، جس میں ردوبدل پر اتفاق ہوا تاہم ن لیگ نے واضح کیا کہ وہ اپنے وزرا اور مشیروں کا فیصلہ خود کرے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر اور سینئر رہنما صادق عمرانی کو حالیہ تنازعات، شکایات اور اینٹی کرپشن سمیت مختلف اداروں کے نوٹسز کے تناظر میں کابینہ سے الگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم رابطہ کرنے پر صادق عمرانی نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ان سے اس بابت کوئی مشاورت نہیں ہوئی۔ اسی طرح مسلم لیگ (ن) کی جانب سے وزیرِ تعلیم راحیلہ حمید درانی اور وزیرِ ریونیو عاصم کرد گیلو سے قلمدان واپس لینے کا اشارہ دیا گیا تھا، تاہم پارٹی کی مرکزی قیادت سے قربت اور شریف خاندان کی ایک بااثر شخصیت کی حمایت کے باعث راحیلہ درانی اپنی وزارت بچانے کے لیے کوشاں ہیں، جس کی وجہ سے ن لیگ کی جانب سے حتمی فیصلے میں تاخیر ہورہی ہے۔ممکنہ نئے ناموں کے حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کے پارلیمانی سیکریٹری اسفند یار کاکڑ کو مشیر بنا کر لوکل گورنمنٹ کا محکمہ دینے، ظہور بلیدی سے منصوبہ بندی و ترقی کا محکمہ لے کر ن لیگ کے برکت علی رند کو دینے اور ظہور بلیدی کو آبپاشی کا قلمدان سونپنے پر غور جاری ہے۔ مزید برآں گوادر سے رکنِ اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان کو محکمہ ماہی گیری دیے جانے کا امکان ہے۔ادھر مسلم لیگ (ن) کے حصے کی وزارتوں کے لیے شدید لابنگ جاری ہے؛ گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل اپنے داماد زرک خان مندوخیل کو محکمہ ریونیو دلوانے کے لیے سرگرم ہیں، جہاں حاجی محمد خان لہڑی کا نام بھی زیرِ غور ہے، جبکہ وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال اپنے داماد نوابزادہ زرین مگسی کو محکمہ تعلیم دلوانے کے خواہاں ہیں۔ واضح رہے کہ اس وقت بلوچستان کابینہ میں 13 وزرا، 5 مشیر اور 16 پارلیمانی سیکریٹریز شامل ہیں، جن میں اکثریت پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے ارکان پر مشتمل ہے۔
کوئٹہ (پ