سعودی آئل ریفائنری پر فضائی حملہ، ایک کارکن جاں بحق

سعودی آئل ریفائنری پر فضائی حملہ، ایک کارکن جاں بحق

Nov 27, 2026|ویب ڈیسک

ریاض ( مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کے علاقے جازان میں واقع آئل ریفائنری پر فضائی حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں ایک غیر ملکی کارکن جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔سعودی وزارتِ توانائی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جازان ریفائنری پر حملے کے باعث لگنے والی آگ پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے قابو پالیا گیا ہے، تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر ریفائنری کے بعض آپریشنل امور عارضی طور پر معطل کردیے گئے ہیں۔ وزارتِ توانائی نے تصدیق کی ہے کہ اس حملے میں نیپالی شہریت کا حامل ایک کارکن جان کی بازی ہار گیا، جبکہ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے متعدد کارکن زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔حکام کے مطابق حملے کے فوری بعد ہنگامی اور تکنیکی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں، جبکہ ریفائنری کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ لگایا جارہا ہے اور متعلقہ ادارے تنصیبات کی حفاظت کا ازسرِ نو جائزہ لے رہے ہیں۔دوسری جانب یمن کی حوثی ملیشیا نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے سعودی عرب کی رابغ آئل ریفائنری کو براہِ راست نشانہ بنایا ہے اور ان کا حملہ اپنے ہدف پر لگا ہے، تاہم سعودی حکام کی جانب سے رابغ پر کسی حملے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی اور نہ ہی اس حوالے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔واضح رہے کہ جدہ سے تقریباً 165 کلومیٹر شمال میں بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع شہر رابغ میں "پیٹرو رابغ" کا ایک نہایت اہم آئل ریفائننگ اور پیٹروکیمیکل کمپلیکس قائم ہے، جسے سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی "سعودی آرامکو" اور جاپان کی معروف کمپنی "سومیتومو کیمیکل" نے مشترکہ طور پر تعمیر کیا ہے۔