ایونجرز ڈومز ڈے: ڈاکٹر ڈوم کے نقاب میں کون؟ مداحوں کا نیا دعویٰ

ایونجرز ڈومز ڈے: ڈاکٹر ڈوم کے نقاب میں کون؟ مداحوں کا نیا دعویٰ

Nov 27, 2026|ویب ڈیسک

ممبئی (شوبز ڈیسک) مارول اسٹوڈیوز کی آنے والی فلم ’’ایونجرز: ڈومز ڈے‘‘ کے تشہیری مناظر اور مختصر ویڈیوز نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا رکھی ہے، تاہم اب مداحوں کے درمیان ڈاکٹر ڈوم کے کردار کے حوالے سے ایک نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔رپورٹس کے مطابق فلم کے آخری تشہیری منظر کو مختلف سماجی رابطوں کے پلیٹ فارمز پر 50 کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔ اسی دوران بعض صارفین نے دعویٰ کیا ہے کہ نقاب پوش ڈاکٹر ڈوم کا کردار معروف اداکار رابرٹ ڈاؤنی جونیئر کے بجائے آئرش اداکار سیلین مرفی ادا کرسکتے ہیں۔مداحوں نے تشہیری ویڈیوز میں ڈاکٹر ڈوم کی آنکھوں اور اندازِ نگاہ کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے ان کی مماثلت سیلین مرفی کی آنکھوں سے ظاہر کی ہے، جس کے بعد یہ قیاس آرائی زور پکڑ گئی ہے۔واضح رہے کہ مارول اسٹوڈیوز پہلے ہی ڈاکٹر ڈوم کے کردار کے لیے رابرٹ ڈاؤنی جونیئر کو منتخب کرنے کا اعلان کرچکا ہے۔تاہم مداحوں کی اس نئی قیاس آرائی نے شائقین کو یہ سوچنے پر مجبور کردیا ہے کہ آیا فلم سازوں نے کوئی بڑا راز چھپا رکھا ہے یا یہ محض ایک نظریہ ہے۔فی الحال مارول اسٹوڈیوز کی جانب سے اس دعوے کی کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی، اس لیے اسے غیر مصدقہ مداحانہ قیاس آرائی ہی قرار دیا جارہا ہے۔