ہفتہ وار مہنگائی کی رفتار میں معمولی کمی، سالانہ شرح 14.47 فیصد برقرار

38 منٹ قبل
ہفتہ وار مہنگائی کی رفتار میں معمولی کمی، سالانہ شرح 14.47 فیصد برقرار

 اسلام آباد( کامرس ڈیسک)وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق ملک میں مسلسل تین ہفتوں کے اضافے کے بعد اس ہفتے مہنگائی کی رفتار میں 0.33 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ تاہم سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح بدستور 14.47 فیصد کی بلند سطح پر موجود ہے۔رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 11 اشیا میں کمی جبکہ 14 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔اعداد و شمار کے مطابق اس ہفتے آلو 0.87 فیصد، ٹماٹر 7.17 فیصد، پیاز 6.08 فیصد، آٹا 1.84 فیصد اور کوکنگ آئل 0.34 فیصد مہنگا ہوا۔ اس کے برعکس چکن 8.56 فیصد، لہسن 3.53 فیصد، دالیں، پیٹرول اور ڈیزل سمیت متعدد اشیا کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کم آمدنی والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی دیکھی گئی ہے، تاہم مجموعی طور پر قیمتوں کا دباؤ بدستور برقرار ہے۔