فردوس جمال کے بچپن کی تلخ یادیں، شخصیت پر گہرے اثرات
کراچی (شو بز ڈیسک) پاکستان کے سینئر اداکار فردوس جمال نے اپنے بچپن کی تلخ یادوں سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاندانی حالات نے ان کی شخصیت اور اداکاری پر گہرے اثرات مرتب کیے۔ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فردوس جمال نے بتایا کہ ان کے والد نے سب سے پہلے ان میں اداکاری کا شوق محسوس کیا اور کم عمری میں انہیں فلمیں دکھانے لے جایا کرتے تھے، جس سے ان کی اسکرین میں دلچسپی پیدا ہوئی۔ تاہم، گھر کے ماحول نے بھی ان کی ڈرامائی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کیا۔اداکار کے مطابق ان کے والد کی 2 بیویاں تھیں اور ان کے تقریباً 10 بہن بھائی ہیں۔ دونوں بیویوں کے درمیان شوہر کی توجہ حاصل کرنے کے لیے اکثر جھگڑے ہوتے تھے۔ جب والد ایک بیوی کے گھر جاتے تو دوسری روتی اور آہ و زاری کرتی تھی۔فردوس جمال نے کہا کہ انہوں نے بچپن سے ہی یہ خاندانی صورتِ حال دیکھی، جس نے انہیں انسانی جذبات اور گھریلو تنازعات کو قریب سے سمجھنے کا موقع دیا۔ان کے مطابق اس ماحول نے ان کی ڈرامائی صلاحیتوں اور کرداروں کو سمجھنے کی صلاحیت پر اثر ڈالا۔