ٹائیگر شروف فائرنگ کیس، عمران ہاشمی کا گھر بھی ریکی کی فہرست میں شامل
ممبئی( شو بز ڈیسک)بھارتی اداکار ٹائیگر شروف کی رہائش گاہ پر فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان نے ممبئی کے علاقے باندرہ میں اداکار عمران ہاشمی کے گھر کی ریکی کرنے کا منصوبہ بھی بنایا تھا۔فری پریس جرنل کی رپورٹ کے مطابق ملزمان عمران ہاشمی کی رہائش گاہ کا درست مقام تلاش کرنے میں ناکام رہے۔ ممبئی کرائم برانچ اس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔تحقیقاتی حکام کو شبہ ہے کہ گروہ کے مختلف ارکان کو الگ الگ ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں، جن میں اہداف کی نشاندہی اور اسلحے کا انتظام شامل تھا۔رپورٹ کے مطابق کنال نامی شخص نے مبینہ طور پر بھارتی ریاست پنجاب کے شہر امرتسر سے اسلحہ فراہم کرنے کا انتظام کیا تھا۔تحقیقات میں رادھا اور ببیتا نامی 2 خواتین کی نقل و حرکت کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے، جو مبینہ طور پر 15 اکتوبر کو ممبئی پہنچی تھیں اور دادر ایسٹ کے ایک گیسٹ ہاؤس میں قیام کیا تھا۔ مبینہ حملہ آور ریحان نے ان خواتین سے اسلحہ حاصل کیا، جس کے بعد وہ 18 اکتوبر کو دہلی روانہ ہو گئیں۔پولیس خواتین کے موبائل فونز کا ڈیٹا چیک کر رہی ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا انہوں نے دیگر معروف شخصیات کی رہائش گاہوں کا بھی دورہ کیا اور وہاں سے حاصل کردہ معلومات ملزمان سے شیئر کی تھیں۔تحقیقات کے دوران ہوٹلوں میں کمرے بک کرانے کے لیے مبینہ طور پر جعلی آدھار کارڈز، فرضی ناموں اور جعلی دستخطوں کے استعمال کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے۔ پولیس نے ہوٹلوں کا ریکارڈ اور سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر لی ہیں۔حکام ملزمان کے موبائل فونز سے ملنے والے واٹس ایپ پیغامات اور آڈیو ریکارڈنگز کا جائزہ لینے کے ساتھ ان کے انفرادی کردار اور ممکنہ سہولت کاروں یا مالی معاونت فراہم کرنے والے افراد کی شناخت کی کوشش کر رہے ہیں۔ تحقیقات میں دیگر ممکنہ حملوں سے روابط کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔