بوٹوکس کے باعث چہرہ متاثر ہوا، بشریٰ انصاری کا انکشاف
کراچی (شو بز ڈیسک) پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ بوٹوکس کروانے کے بعد ان کا چہرہ بری طرح متاثر ہوا تھا اور وہ اس صورتحال سے خوفزدہ ہوگئی تھیں۔حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ نے جلد کی دیکھ بھال اور بوٹوکس کے تجربے پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 10 سے 12 سال قبل انہوں نے آنکھ کے گرد بوٹوکس کروایا تھا، تاہم ڈاکٹروں کی جانب سے درست رہنمائی نہ ملنے کے باعث مسئلہ پیچیدہ ہوگیا۔بشریٰ انصاری کے مطابق بوٹوکس کروانے کے بعد وہ اسی طرف کروٹ لے کر سو گئیں جس جانب انجیکشن لگایا گیا تھا۔ 5 سے 6 روز بعد بوٹوکس نیچے کی طرف سرک گیا، جس سے ان کا چہرہ لٹک گیا، آنکھیں متاثر ہونے لگیں اور ہونٹوں کی شکل بھی بدل گئی۔ وہ یہ سوچ کر خوفزدہ ہوگئیں کہ کہیں انہیں فالج تو نہیں ہوگیا۔اداکارہ نے بتایا کہ تقریباً 2 ماہ تک انہوں نے کسی کو اپنا چہرہ نہیں دکھایا اور گھر میں رہیں۔ جب انہوں نے ڈاکٹر کو فون کرکے مسئلے سے آگاہ کیا تو ڈاکٹر نے اسے ان کا وہم قرار دیا، جس پر انہیں غصہ آیا۔سینئر اداکارہ کے مطابق بعدازاں انہوں نے ایک دوسرے ڈاکٹر سے رابطہ کیا، جنہوں نے انہیں بتایا کہ بوٹوکس اپنی مقررہ جگہ سے ہٹ گیا تھا۔ بشریٰ انصاری نے کہا کہ ڈاکٹروں کو چاہیے کہ وہ مریضوں کو تسلی دیں اور ان کے مسائل حل کرنے میں مدد کریں۔