ایمباپے کے بیان پر چین میں لالیگا کی نشریات معطل
لاہور ( سپورٹس ڈیسک) ریال میڈرڈ کے فرانسیسی فٹبالر کائیلیان ایمباپے کے چینی رہنما ماؤ زے تنگ سے متعلق متنازع بیان کے بعد چین میں ہسپانوی فٹبال لیگ لالیگا کی نشریات معطل کر دی گئیں۔ہسپانوی نیوز ایجنسی کے مطابق چین کے سرکاری نشریاتی ادارے چائنا میڈیا گروپ (سی ایم جی) نے لالیگا کے میچز نشر نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔چین کے سرکاری ٹیلی ویژن نیٹ ورک سی سی ٹی وی کی نگرانی کرنے والے ادارے سی ایم جی نے منگل کو جاری بیان میں کہا کہ ہسپانوی فٹبال لیگ کے میچز کی نشریات معطل کر دی گئی ہیں، جبکہ ایمباپے سے متعلق اشتہارات بھی نشر نہیں کیے جائیں گے۔یہ فیصلہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں فرانسیسی اسٹار کے ان تبصروں کے بعد کیا گیا جن میں چین کے سابق رہنما ماؤ زے تنگ کا ذکر کیا گیا تھا۔چینی نشریاتی ادارے کے اس اقدام سے ملک میں لالیگا کے شائقین کو میچز دیکھنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، تاہم نشریات کی معطلی کی مدت واضح نہیں کی گئی۔ماہرین کے اندازے کے مطابق چین میں نشریات معطل ہونے سے لالیگا کو 2030 تک 400 ملین یورو کا نقصان ہو سکتا ہے۔