گردشی قرض میں کمی کیلئے 930 ارب روپے کی اسلامی فنانسنگ مکمل

گردشی قرض میں کمی کیلئے 930 ارب روپے کی اسلامی فنانسنگ مکمل

Oct 28, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد ( کامرس ڈیسک)حکومتِ پاکستان نے بجلی کے شعبے میں گردشی قرضے میں کمی کیلئے 930 ارب روپے کی تاریخی اسلامی فنانسنگ ٹرانزیکشن کامیابی سے مکمل کرلی، جبکہ بجلی صارفین کو 184.53 ارب روپے سے زائد کا ریلیف فراہم کیا گیا۔سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی گارنٹی لمیٹڈ (سی پی پی اے جی) کے حکام نے منگل کو ٹیرف سے متعلق عوامی سماعت کے دوران بتایا کہ ادارے کی مالیاتی اور انتظامی کوششوں سے بجلی صارفین کو نمایاں ریلیف ملا ہے۔حکام کے مطابق سی پی پی اے جی نے گردشی قرضے میں کمی کے حکومتی اہداف کی حمایت کرتے ہوئے اسلامی فنانسنگ ٹرانزیکشن اور متعلقہ تصفیوں پر کامیابی سے عمل درآمد کیا۔ اس اقدام میں کردار ادا کرنے پر حکومت نے سی پی پی اے جی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ایک دوسرے افسر کو ستارہ امتیاز سے نوازا۔ادارے کے مطابق ترمیم شدہ اور باہمی مذاکرات سے طے پانے والے تصفیاتی معاہدوں پر ٹاسک فورس کی سربراہی میں عمل درآمد کے نتیجے میں 184.53 ارب روپے کی بچت ہوئی، جس کا فائدہ ٹیرف میں ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے صارفین کو پہنچا۔ اس کے علاوہ بجلی کے شعبے میں مالی استحکام برقرار رکھنے کیلئے تقریباً 795 ارب روپے کی سبسڈی کے اجرا کو بھی یقینی بنایا گیا۔سی پی پی اے جی نے ونڈ، سولر اور نیوکلیئر پاور پلانٹس کے ساتھ اسٹریٹجک مذاکرات کے ذریعے بجلی کے نرخوں میں معقولیت لانے اور صارفین کیلئے بچت پیدا کرنے کے اقدامات بھی کیے، جن میں ٹیرف میں کمی اور ایل پی آئی سے متعلق رعایت شامل ہے۔عوامی سماعت میں ملٹی ایئر ٹیرف (ایم وائی ٹی) کی درخواست فوری طور پر دائر کرنے سے استثنا اور موجودہ سال کیلئے سنگل ایئر ٹیرف درخواست قبول کرنے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔حکام نے بتایا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ حقیقت پسندانہ مفروضوں، زمینی حقائق، مستقبل کی آپریشنل ضروریات اور سرمایہ جاتی اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع جائزہ مکمل کیا جائے، تاکہ ٹیرف درخواست ادارے کی جائز ضروریات اور پائیدار مالی تقاضوں کی درست عکاسی کرسکے۔حکام کے مطابق انتظامیہ اس جائزے پر کام کر رہی ہے اور توقع ہے کہ ضروری تیاری مکمل ہونے کے بعد مالی سال 2027-28 سے ملٹی ایئر ٹیرف کی درخواست دائر کی جاسکے گی۔ اسی بنیاد پر سی پی پی اے جی نے پاور ریگولیٹر سے درخواست کی ہے کہ فوری درخواست جمع کرانے کی پابندی کے بجائے اگلے مالی سال میں جامع اور قابل عمل درخواست پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔سماعت کے دوران سی پی پی اے جی کے انتظامی اخراجات کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔ حکام کے مطابق مالی سال 2025-26 میں عمومی اسٹیبلشمنٹ اخراجات 2 ارب 524 ملین روپے رہے، جبکہ مالی سال 2026-27 کیلئے مجموعی طور پر 2 ارب 504 ملین روپے کے اخراجات طلب کیے گئے ہیں۔