سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ایس آئی ایف سی کی کاروباری برادری سے مشاورت
اسلام آباد ( کامرس ڈیسک)خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) نے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کے قیام، کاروباری مسائل کے حل اور صنعتی ترقی کے فروغ کیلئے کاروباری برادری سے مشاورت کا سلسلہ تیز کر دیا۔اس سلسلے میں ایس آئی ایف سی کے سینئر حکام نے لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور فیصل آباد کے ایوان ہائے صنعت و تجارت کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں، جن میں کاروباری برادری کے مسائل اور تجاویز پر براہِ راست تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقاتوں میں سرکاری اداروں اور نجی شعبے کے درمیان مسلسل رابطے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ ایوان ہائے صنعت و تجارت کے ساتھ مشاورت کو کاروباری اداروں کو درپیش عملی مشکلات سمجھنے، تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور صنعتی ترقی سے متعلق امور کے حل کیلئے اہم قرار دیا گیا۔ایس آئی ایف سی کے مطابق کاروباری تنظیموں سے روابط کا مقصد نجی شعبے کے مسائل اور تجاویز متعلقہ سرکاری اداروں تک پہنچانا اور کاروباری ضروریات کو بہتر طور پر سمجھنے کیلئے مؤثر رابطہ کاری کو فروغ دینا ہے۔کونسل سرکاری اور نجی شعبے کے درمیان تعاون بڑھانے، سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے اور کاروبار کیلئے سازگار ماحول تشکیل دینے کے عزم پر کاربند ہے۔ اس حکمت عملی کو کاروباری سرگرمیوں میں آسانی، سرمایہ کاری کے نئے مواقع اور پائیدار معاشی ترقی کے فروغ کیلئے اہم قرار دیا گیا ہے۔