پنجاب میں زرعی ادویات کے لائسنس کا عمل آن لائن، درخواستوں کی آخری تاریخ 5 نومبر
اسلام آباد( کامرس ڈیسک) حکومت پنجاب نے زرعی ادویات کے کاروبار سے وابستہ افراد کے لیے لائسنس کے حصول اور تجدید کا عمل آن لائن کرنے کا اعلان کردیا ہے۔محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق نئے لائسنس کے خواہشمند افراد اور موجودہ لائسنس رکھنے والے تاجر تجدید کے لیے آن لائن درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔ درخواستیں پنجاب حکومت کے ای بز (eBiz) پورٹل کے ذریعے 5 نومبر 2026 تک جمع کرائی جاسکتی ہیں۔نئے لائسنس کے خواہشمند افراد کے لیے لازمی تربیت 6 سے 12 نومبر 2026 تک ہوگی، جبکہ موجودہ لائسنس کی تجدید کے لیے تربیتی سیشنز 6 اور 8 نومبر کو منعقد کیے جائیں گے۔محکمہ زراعت کے مطابق تربیت متعلقہ اضلاع کی سطح پر ہوگی۔ مزید معلومات کے لیے امیدوار اپنے ضلع کے ڈپٹی ڈائریکٹر (پیسٹ وارننگ) سے رابطہ کرسکتے ہیں۔محکمہ زراعت نے واضح کیا ہے کہ زرعی ادویات کے کاروبار کا لائسنس حاصل کرنے کے لیے مقررہ تربیت میں شرکت لازمی ہے۔ خواہشمند افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آخری تاریخ سے پہلے آن لائن درخواست جمع کرائیں اور لائسنس کے حصول یا تجدید کے لیے تمام ضروری تربیتی مراحل مکمل کریں۔