شہباز احمد سینئر کا سیاست میں آنے اور الیکشن لڑنے کا فیصلہ

شہباز احمد سینئر کا سیاست میں آنے اور الیکشن لڑنے کا فیصلہ

Oct 29, 2026|ویب ڈیسک

لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان ہاکی ٹیم کے لیجنڈری کھلاڑی اور سابق کپتان شہباز احمد سینئر نے سیاست میں آنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور وہ آئندہ عام انتخابات میں اپنے آبائی شہر فیصل آباد سے حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ذرائع کے مطابق شہباز احمد سینئر جلد سیاست میں آنے کے حوالے سے باضابطہ اعلان کریں گے۔شہباز احمد سینئر کا شمار پاکستان سمیت عالمی ہاکی کے بہترین فارورڈز میں ہوتا ہے۔ اپنی تیز رفتاری، شاندار ڈربلنگ اور پھرتی کے باعث انہیں ’’میراڈونا آف ہاکی‘‘ اور ’’مین ود الیکٹرک ہیل‘‘ جیسے القابات دیے گئے۔انہوں نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 92 گول کیے، جبکہ ان کی قیادت میں پاکستان نے آخری مرتبہ 1994 میں ہاکی ورلڈ کپ جیتا تھا۔شہباز احمد سینئر پہلے کھلاڑی ہیں جنہیں مسلسل 2 ہاکی ورلڈ کپ، 1990 اور 1994 میں، مین آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔ وہ ہاکی کے واحد کھلاڑی بھی ہیں جنہیں حکومت پاکستان نے ہلال امتیاز سے نوازا ہے۔